مونٹی کارلو میں ٹینس یورپ جونیئر ماسٹرز 2026 اختتام پذیر ہوگیا، جس میں انڈر 14 اور انڈر 16 کی لڑکوں اور لڑکیوں کی کیٹیگریز میں 4 کھلاڑیوں نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ شنہوا کے مطابق یورپ کے جونیئر ٹینس سیزن کے اس اہم ایونٹ میں پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت پر مبنی میچ تجزیے کی جدید ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی گئی۔
ٹینس یورپ جونیئر ماسٹرز 2026کا اختتام، 4 نئے چیمپئنز کی تاج پوشی، مقابلوں میں مصنوعی ذہانت کی پہلی بار شمولیت

مزید خبریں
مونٹی کارلو۔27اکتوبر (اے پی پی):مونٹی کارلو میں ٹینس یورپ جونیئر ماسٹرز 2026 اختتام پذیر ہوگیا، جس میں انڈر 14 اور انڈر 16 کی لڑکوں اور لڑکیوں کی کیٹیگریز میں 4 کھلاڑیوں نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ شنہوا کے مطابق یورپ کے جونیئر ٹینس سیزن کے اس اہم ایونٹ میں پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت پر مبنی میچ تجزیے کی جدید ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی گئی۔مونٹی کارلو کنٹری کلب کے کلے کورٹ پر منعقدہ مقابلوں میں 32 اعلیٰ درجہ بندی کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ لڑکوں کے انڈر 16 فائنل میں پولینڈ کے بلیزے کرزیسکو نے ہنگری کے مارک جونی کو 4-6 اور1-6 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا اور جونیئر ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والے پہلے پولش کھلاڑی بن گئے۔
لڑکیوں کے انڈر 16 فائنل میں یونان کی لیڈیا پاناگیوٹیدو نے سربیا کی زانا پیریچ کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔ دونوں کھلاڑی مونٹی کارلو پہنچنے سے قبل ریس ٹو مونٹی کارلو کی درجہ بندی میں مشترکہ طور پر سرفہرست تھیں، تاہم پاناگیوٹیدو نے ابتدا ہی سے برتری حاصل کرکے 80 منٹ میں کامیابی سمیٹ لی۔لڑکوں کے انڈر 14 مقابلوں میں روس کے رافیل پاپوئن نے بلغاریہ کے برونو ژینیف کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ روسی کھلاڑی نے اہم لمحات میں حوصلہ برقرار رکھا اور فیصلہ کن برتری حاصل کرکے ٹائٹل جیت لیا۔لڑکیوں کے انڈر 14 فائنل میں یوکرین کی 13 سالہ ماریا کوچیرژینکو نے اٹلی کی اولیویا سرینا کونٹیچلو کو 6-7 اور 4-6 سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ وہ اس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی یوکرین کی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔
یوکرین کی معروف ڈبلیو ٹی اے کھلاڑی مارٹا کوسٹیک بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھیں، جو 2015 میں اسی ایونٹ کے فائنل تک پہنچی تھیں۔1996 میں شروع ہونے والا ٹینس یورپ جونیئر ماسٹرز یورپ کے انڈر 14 اور انڈر 16 کھلاڑیوں کے لیے سیزن کے اختتام کا سب سے معتبر مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس ایونٹ سے رافیل ندال، کم کلسٹر، الیگزینڈر زویروف اور بیلنڈا بنکک جیسے نامور کھلاڑی بھی وابستہ رہے ہیں۔ٹورنامنٹ کے دوران ٹینس یورپ نے اورنج لائن سپورٹس کے ساتھ شراکت داری کا بھی اعلان کیا جس کے تحت تمام میچوں کی براہ راست نشریات کے ساتھ سمارٹ شاٹ مصنوعی ذہانت کا نظام استعمال کیا گیا۔
یہ ٹیکنالوجی ہر ریلی کو حقیقی وقت میں ریکارڈ کرنے، خودکار نمایاں لمحات تیار کرنے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے تفصیلی اعداد و شمار فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ٹینس یورپ کے صدر ہنرک تھورسے پیڈرسن نے کہا کہ ادارہ کھلاڑیوں اور کوچز کو جدید ٹیکنالوجی اور اعداد و شمار پر مبنی تجزیے سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اورنج لائن سپورٹس کے نائب صدر سائمن ہوانگ کے مطابق، اس شراکت داری کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانا اور ان کی تربیت و کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔







