ٹی ٹونٹی ورلڈکپ،آسٹریلیانے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اہم میچ میں باآسانی 8وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کر لی،وارنر کی 89رنز کی جارحانہ اننگز،میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ابوظہبی۔6نومبر (اے پی پی):ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اہم میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی، اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل کیلئے مضبوط امیدوار بن گئی، کالی آندھی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 …

ابوظہبی۔6نومبر (اے پی پی):ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اہم میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی، اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل کیلئے مضبوط امیدوار بن گئی،

کالی آندھی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے، گیل ایک بار پھر بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف 15 رنز بنا سکے، پولارڈ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے ملطوبہ ہدف 17ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا،

وارنر نے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، وارنر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ورلڈکپ سپر12 رائونڈ گروپ اے کے میچ میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا،

ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، دفاعی چیمپئن کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 35 کے سکور پر اس کے تین مستند بلے باز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے،

کرس گیل دو چھکے لگان کے بعد 15 کے انفرادی سکور پر کمنز کی گیند پر بولڈ ہوئے، نیکولاس پوران 29 رنز بنانے کے بعد ہیزلووڈ کا شکار بنے، روسٹن چیس بغیر کوئی رن بنائے ہیزلووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے، ایون لیوس چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بنا کر زمپا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 91 کے سکور پر ہیزلووڈ نے ہٹمائر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی، وہ 27 رنز بنا سکے،

ڈیوائن براوو 10 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں بھی ہیزلووڈ نے اپنا شکار بنایا، کپتان کیرن پولارڈ نے 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنایا، آندرے رسل 18 اور جیسن ہولڈر 1 رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،

ہیزلووڈ نے 4 سٹارک، زمپا اور کمنز نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ہدف کے تعاقب میں 33 کے سکور پر آسٹریلیا کو کپتان ایرون فنچ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 9 رن بنا کر عقیل حسین کا شکار بنے،

اس موقع پر ڈیوڈوانر نے مچل مارش کے ساتھ مل کر حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، دونوں بلے بازوں کے سامنے کالی آندھی کے بائولرز بے بس نظر آئے، وارنر اور سٹارک نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 124 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 157 تک پہنچا دیا، سٹارک 53 رنز بنا کر گیل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے،

وارنر نے 56 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، گیل اور حسین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزید خبریں