ٹی ٹونٹی ورلڈکپ،جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر،انگلینڈ اور آسٹریلیا نے بہترین رن ریٹ کی بنا پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،ربادا کی ہیٹرک اور ڈوسن کی 94رنز کی ناقابل شکست اننگز

شارجہ۔6نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے آخری میچ میں شکست دینے کے باوجود ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ ون سے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ …

شارجہ۔6نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے آخری میچ میں شکست دینے کے باوجود ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ ون سے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179رنز بنا سکی، انگلش ٹیم کو آخری اوور میں فتح کیلئے 14 رنز درکار تھے کہ کگیسوربادا نے مسلسل تین گیندوں پر 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، وانڈر ڈوسن کو 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہفتہ کو شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سپر 12 مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان ایوان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،

پروٹیز کو 15 کے سکور پر ہینڈرکس کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 2 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر ڈی کوک نے وانڈرڈوسن کے ساتھ مل کر سکور 86 تک پہنچا دیا، یہاں پر عادل رشید نے ڈی کوک کو 34 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کر کے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی، اس کے بعد مرکرم نے ڈوسن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 103رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، دونوں بلے بازوں نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، ڈوسن نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 94 اور مرکرم نے 4 چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے، معین علی اور عادل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 8 وکٹوں پر 179 رنز بنا سکی،

انگلش بلے بازوں نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم 38 کے سکور پر جیسن روئے 20 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، 58 کے مجموعی سکور پر نورٹج نے بٹل کر آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 26 رنز بنا سکے، جونی بیئرسٹو 1 رن بنا کر تبریز شمسی کی گیند کا نشانہ بنے، 110 کے مجموعی سکور پر شمسی نے معین علی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی، انہوں نے 37 رنز بنائے، 145 کے سکور پر ڈیوڈ میلان 33 کے انفرادی سکور پر پریٹوریس کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، 165 کے سکور پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ گری جب لیونگسٹون 28 رنز بنا کر پریٹوریس کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،

انگلش ٹیم کو آخری اوور میں فتح کیلئے 14 رنز درکار تھے کہ ربادا نے اوور کی پہلی تین گیندوں پر مسلسل 3 وکٹیں لیکر شاندار ہیٹرک سکور کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے ووکس، مورگن اور جورڈن کو آﺅٹ کیا، اسطرح انگلش ٹیم 8 وکٹوں پر 179 رنز بنا سکی اور پروٹیز نے میچ 10 رنز سے جیت لیا، چار فتوحات حاصل کرنے کے باوجود جنوبی افریقن ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی کیونکہ گروپ ون سے انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بہترین رن ریٹ کی بنا پر سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ ربادا نے 3 جبکہ شمسی اور پریٹوریس نے دو، دو اور نورٹج نے ایک وکٹ لی۔

 

مزید خبریں