پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق، جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یومِ الحاقِ پاکستان، 19 جولائی، 2026 پر پیغام

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق، جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب اس تنازع کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سےحل کیا جائے۔

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق، جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب اس تنازع کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سےحل کیا جائے۔

یوم الحاق پاکستان، جو آج اتوار کو منایا جارہا ہے، کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان ہر سال 19 جولائی کو اس تاریخی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں منعقدہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔ یہ متفقہ قرارداد برصغیر کی تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی اجتماعی سیاسی امنگوں کی آئینہ دار تھی۔ اس قرارداد میں ریاست کے پاکستان سے الحاق کی خواہش کا اظہار کیا گیا اور ڈوگرہ حکمرانوں پر زور دیا گیا کہ وہ عوام کی خواہشات کا احترام کریں۔ یہ قرارداد آج بھی جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی جدوجہد کا ایک اہم تاریخی سنگِ میل سمجھی جاتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان موجود ان مضبوط اور دیرینہ رشتوں کی بھی عکاسی ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت، جغرافیے اور باہمی وابستگی پر استوار ہیں۔ سب سے بڑھ کر، یہ اس بنیادی اصول کو اجاگر کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی آزادانہ طور پر ظاہر کردہ خواہشات اور امنگوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے۔ جموں و کشمیر کا غیر حل شدہ تنازع آج بھی خطے کے امن و سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب اس تنازع کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سےحل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام، بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد، ان کی جرات، استقامت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا تا وقت کہ وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو آزادانہ طور پر استعمال کرنے کے قابل نہیں ہو جاتے