پاکستانی تجارتی اداروں کو عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ پالیسیاں اختیار کرنے کی ضرورت ہے، فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد۔ 30 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی تجارتی اداروں کو عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ پالیسیاں اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں یواین ڈی پی۔ ایف پی سی سی آئی ڈیسک کے ذریعے ملک بھر کے چیمبرز سے براہ راست رابطے بڑھائے جائیں گے۔ ان …

فیصل آباد۔ 30 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی تجارتی اداروں کو عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ پالیسیاں اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں یواین ڈی پی۔ ایف پی سی سی آئی ڈیسک کے ذریعے ملک بھر کے چیمبرز سے براہ راست رابطے بڑھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یواین ڈی پی اور ایف پی سی سی آئی کے بزنس اور ہیومن رائٹس ڈیسک کے زیراہتمام فیصل آباد میں پاکستانی بزنسز کے فروغ کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس اہم موضوع پر ورکشاپ کیلئے فیصل آباد چیمبر کا انتخاب کرنے پر یو این ڈی پی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئے عالمی قوانین کے تحت خریدار کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اُن کے حقوق،ضرورتوں اور توقعات پر پورا اترنا لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپین یونین نے اس حوالے سے مختلف قوانین وضع کئے ہیں جن پر عملدرآمد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر انسانی حقوق کا کاروبار سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا لیکن اگر خریدار چاہے تو وہ کسی ایسے خریدار سے مال نہیں خریدیں گے جو انسانی حقوق کی پاسداری نہیں کر رہا تو اِس کا نتیجہ یقیناً یہی نکلے گا یا تو ہمیں اِن قوانین کی پابندی کرنا ہو گی یا اِن ممالک سے برآمد ی تعلقات ختم کرنا ہوں گے، اس لئے یو این ڈی پی کی یہ کوشش بروقت اور قابل تحسین ہے۔ اس سے قبل یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ اینڈ ٹرینر شیخ حماد امجد نے بزنس اور انسانی حقوق کے درمیان رابطوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس حوالے سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعاون باعث اطمینان ہے۔

آخر میں نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے شیخ حماد امجد کو فیصل آباد چیمبر کی کالر پن لگائی اور شیلڈ پیش کی۔ بعد میں صدر فاروق یوسف شیخ نے ورکشاپ کے منتظمین اور شرکا کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، سابق سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود، ایگزیکٹو ممبر محمدعلی، سابق ایگزیکٹو ممبرز رانا اکرام اللہ اور مرزا محمد افضل مغل بھی موجود تھے۔