پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن 3 سے 6 نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا، وائس ایڈمرل فیصل عباسی

کراچی۔ 01 نومبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی میڈیا بریف کراچی ایکسپو سینٹر میں ہفتہ کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے میڈیا کو ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن 3 سے …

کراچی۔ 01 نومبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی میڈیا بریف کراچی ایکسپو سینٹر میں ہفتہ کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے میڈیا کو ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن 3 سے 6 نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس ایونٹ میں دنیا کے تقریباً تمام خطوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔

وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے مزید بتایا کہ نمائش میں دنیا بھر سے 178 نمائش کنندگان حصہ لیں گے، جن میں 28 بین الاقوامی ادارے اور 150 مقامی ادارے شامل ہیں۔ مزید برآں یورپ، ایشیا، شمالی و جنوبی امریکہ اور مشرق بعید سے تعلق رکھنے والے 133 بین الاقوامی وفود بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے جن میں برطانیہ، اٹلی، ایران، تُرکیہ، سعودیہ، آسٹریلیا، مصر اور چین سمیت 44 ممالک کے نمائندے شامل ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مقامی نمائش کنندگان کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے پویلین بھی نمائش میں موجود ہوں گے جن کا مقصد ملکی بحری شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

کمانڈر کراچی نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میڈیا حسبِ روایت اس اہم قومی ایونٹ کی بھرپور تشہیر میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔ ‏ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 25 میں میری ٹائم کے مختلف شعبوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ بی ٹو بی اور بی ٹو جی ملاقاتیں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط شامل ہوں گے۔ ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا مقصد غیر ملکی مندوبین، سرکاری حکام اور بحری صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون کو فروغ دینا اور بندرگاہوں، شپنگ، ماہی گیری اور ساحلی ترقی جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔

نمائش کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جو 4 تا 5 نومبر 2025 تک دو روزہ پروگرام کے طور پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیرِ انتظام منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کا موضوع ’’پائیدار ترقی کے لیے بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے استفادہ‘‘ ہے، جس میں چار سیشنز کے دوران ممتاز قومی و بین الاقوامی ماہرین اور اسکالرز کی جانب سے 14 تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے۔ بریف میں پاک بحریہ کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں