پاکستان انڈر 17 والی بال ٹیم نے چائنیز تائپے کو شکست دے کر رائونڈ آف 16 میں جگہ بنا لی

پاکستان کی انڈر 17 والی بال ٹیم نے ایف آئی وی بی بوائز انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائونڈ آف 16 میں جگہ بنا لی ہے۔پاکستان نے پول ای کے اپنے پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو 3-0 سے شکست دی۔ پاکستان نے تینوں سیٹس 25-20، 25-10 اور 25-23 سے اپنے نام کیے۔

لاہور۔24اگست (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 17 والی بال ٹیم نے ایف آئی وی بی بوائز انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائونڈ آف 16 میں جگہ بنا لی ہے۔پاکستان نے پول ای کے اپنے پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو 3-0 سے شکست دی۔ پاکستان نے تینوں سیٹس 25-20، 25-10 اور 25-23 سے اپنے نام کیے۔

دوسرے میچ میں پاکستان کو مضبوط ایرانی ٹیم کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایران نے 25-23، 25-22 اور 25-18 سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان نے الجزائر کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے 3-0 کی واضح فتح حاصل کی۔

قومی ٹیم نے تینوں سیٹس 25-17 کے یکساں اسکور سے جیتے۔پول مرحلے میں دو کامیابیوں کے بعد نوجوان گرین شرٹس نے ناک آوٹ مرحلے میں جگہ بنالی ہے، جہاں پاکستان کا مقابلہ مصر سے ہوگا اور اس میچ میں کامیابی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دے گی۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے الجزائر کے خلاف کامیابی اور راونڈ آف 16 میں رسائی پر کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دی ہے۔

فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان ٹیم ناک آوٹ مرحلے میں بھی بھرپور مقابلہ کرے گی اور کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ توجہ، نظم و ضبط اور اتحاد کے ساتھ میدان میں اتریں۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے ملک بھر کے شائقین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ دوحہ، قطر میں جاری ایف آئی وی بی بوائز انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی حمایت جاری رکھیں اور کھلاڑیوں کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔