پاکستان اور کشمیر دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، چوہدری عبدالرزاق اور ان کی ٹیم کی شمولیت کے بعد سماہنی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ناقابل تسخیر قوت بن گئی ، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی وجہ ماضی میں قائد نواز شریف اور ان کی خدمت کا سفر ہے، چوہدری عبدالرزاق اور ان کی ٹیم کی شمولیت کے بعد سماہنی میں پاکستان مسلم …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی وجہ ماضی میں قائد نواز شریف اور ان کی خدمت کا سفر ہے، چوہدری عبدالرزاق اور ان کی ٹیم کی شمولیت کے بعد سماہنی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ناقابل تسخیر قوت بن گئی ہے، جب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا تو کشمیر کا جذبہ اور ولولہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، بھارت یہ جذبہ اور ولولہ کہاں سے لائے گا۔ جمعہ کو یہاں مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین سے آئے ہوئے مہمانوں کو اپنے، قائد میاں محمد نوازشریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پوری جماعت کی طرف سے خیرمقدم کرتے ہوئے مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں آزاد کشمیر کی قیادت کو بھی بہترین ایونٹ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل باغ سے سردار میر اکبر، راجہ ثاقب مجید سمیت آج چوتھی شمولیت کی تقریب منعقد کی گئی ہے، آزاد کشمیر میں ریکارڈ تعمیر و ترقی راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ (ن )کے دور میں ہوئی، لاہور میں نواز شریف نے خود کہا کہ ڈیمانڈ آنے سے پہلے ان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کیا جائے، کشمیر میں اگر لوگ تعمیر و ترقی چاہتے ہیں تو ماضی آپ کے سامنے ہے، آپ کو مسلم لیگ (ن )کا ساتھ دینا ہو گا۔ امیر مقام نے کہا کہ میں کشمیر کی ٹیم کو اپنا حصہ سمجھتا ہوں، کشمیر کی پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ محبت دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، راجہ فاروق حیدر نے جس دلیری کے ساتھ پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور بروقت فیصلوں کی بدولت ہمیں کامیابی ملی ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں ہماری پوری افواج نے ایک تاریخ رقم کی ہے، تینوں افواج کے باعث پاکستان کی عزت و وقار بلند ہوا اور دنیا میں پذیرائی ملی، کشمیر میں اس بات کی خوشی تھی کہ ہم لڑیں اور غازی بن جائیں یا شہیدہو جائیں، بھارت ظلم و ستم کے باوجودکشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا اورکشمیری پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں، کشمیر کا مقدمہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے پوچھ کر جب تک حل نہیں ہوتا تب تک یہ مقدمہ ہم لڑتے رہیں گے،

وزیر اعظم محمد شہباز شریف بھی کشمیر کا مقدمہ پوری دینا میں لڑ رہے ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق دیئے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا، بھارت کبھی دریائوں کا پانی کم کرتا ہے کبھی زیادہ کرتا ہے بھارت کو اس کا بھی جواب ملے گا، ایکشن کمیٹی کے جو مطالبات ہیں ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو زیادہ سے زیادہ حق ملے، کشمیری پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے دانش سکولز کا دائرہ کار پورے کشمیر میں پھیلانا چاہتے ہیں ، اربوں روپے کی لاگت سے 2 سکولوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے، نیلم میں بھی اس کا آغاز کریں گے، آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں بھی جا کر ہم نے لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں، وزیر اعظم چاہتے ہیں کشمیر کے پڑھے لکھے بچوں کو بھی مساو ی سہولتیں فراہمکی جائیں ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن )میں شمولیت اختیارکرنے والے چوہدری عبدالرزاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین اور میرے بھائی رشید مرحوم بھی سابقہ وزیر رہے، میں باضابطہ طور پر آج مسلم لیگ (ن )میں شامل ہونے کا اعلان کرتا ہوں، میں نے بیرسٹر سلطان محمود کے ساتھ 39 سال سیاست کی ، آج وہ بیمار ہیں اللہ پاک ان کو صحت عطا فرمائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جس طریقے سے پورے پنجاب میں کام کیا یہی سیاسی قیادت کا وژن ہوتا ہے، میاں نواز شریف کی قیادت میں ان کی فہم و فراست سے ملک بحرانوں سے نکلے گا، آج ہم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، ہم ایک ڈسپلن میں آگئے ہیں ،قیادت کا فیصلہ ہمیشہ مقدم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ شامل ہونے والے تمام کارکنان جماعت کیلئے ایک ہو کر کام کریں گے، ٹکٹ کیلئے راجہ مقصود اور میں بھی ہوں لیکن اس حوالے سے قیادت کا جو فیصلہ ہو گا تسلیم کریں گے، سماہنی کے اندر برادری ازم کے بت کو توڑ دیں گے، سماہنی میں مسلم لیگ (ن )کو سیٹ جیت کر تحفے میں دیں گے، بلدیاتی الیکشن میں کچھ غلطی ہو گئی تھی پھر بھی حلقہ سے اکثریتی سیٹیں ہم نے ہی جیتی ہیں۔