اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کمبوڈیا کی وزیر تجارت چام نیمول کی زیر صدارت پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وفود کی سطح کا اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور کمبوڈیا اقتصادی تعلقات کو …
پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے وفود کی سطح کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کمبوڈیا کی وزیر تجارت چام نیمول کی زیر صدارت پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وفود کی سطح کا اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور کمبوڈیا اقتصادی تعلقات کو دو طرفہ اور وسیع آسیان فریم ورک کے اندر داخل ہونے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کمبوڈیا جن اشیاء کو بیرون ملک سے منگواتا ہے ،پاکستان ایسی تمام اشیاء ،خام مال اور درمیانی اشیاء کی وسیع رینج کی فراہمی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان متعدد معروف عالمی برانڈز کو اعلیٰ معیار کے کپڑے، خام مال اور سپلائی چین کو متنوع بنانے اور لچک کو بڑھانے میں مدد کر رہا ہے ۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان گھریلو ٹیکسٹائل کا تیسرا سب سے بڑا عالمی سپلائر ہے جو کمبوڈیا کے لیے پاکستان سے سورسنگ کو بڑھانے کے واضح مواقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیکسٹائل ویلیو چین میں قریبی انضمام جس میں دھاگے، کپڑے، پروسیسنگ، سلائی اور ویلیو ایڈیشن شامل ہیں ،علاقائی اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کو بڑھا سکتے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ عالمی مارکیٹ میں تقریباً 300 ارب امریکی ڈالر کا حصہ رکھتا ہے، اس کے علاوہ دوا سازی کا شعبہ بھی عالمی مارکیٹ میں ایک بڑا حصہ رکھتا ہے ۔
جام کمال خان نے کمبوڈیا کو دواسازی کی برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا اور کمبوڈین حکام اور پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے درمیان حالیہ بات چیت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سستی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کی مصنوعات تک بروقت رسائی کو یقینی بنانے کے لیے رجسٹریشن اور ریگولیٹری طریقہ کار کو ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ کمبوڈیا کی جانب سے ریگولیٹری اتھارٹیز اور انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے درمیان تکنیکی سطح کی شمولیت کو آگے بڑھانے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے ذریعے تعاون کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم کی رہنمائی میں سہولت کاری کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے کمبوڈین حکام کو آگاہ کیا۔
جام کمال نے وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور خلیجی منڈیوں کو جوڑنے والے تجارتی اور رابطے کی راہداری کے طور پر پاکستان کے سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع پر روشنی ڈالی جس میں کمبوڈیا کے سرمایہ کاروں کے لیے لاجسٹک ہب، گودام، اور دوبارہ برآمدی سہولیات کے امکانات شامل ہیں۔دونوں فریقوں نے کمبوڈیا کے وفد اور پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے درمیان طے شدہ بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے صنعت سے صنعت کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سالانہ تجارتی میلے اور نمائشی کیلنڈرز کے پیشگی اشتراک پر بھی اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کی جانب سے بہتر تیاری اور شرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے زراعت، فوڈ پروسیسنگ، آئی سی ٹی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، سیاحت اور ثقافتی صنعتوں میں پاکستان کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔کمبوڈیا کی وزیر تجارت چام نیمول نے پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی کی تعریف کی اور مربوط صنعتی اور سپلائی چین تعاون کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ملک کے لیے مخصوص خصوصی اقتصادی زونز، حلال سرٹیفیکیشن تعاون، لاجسٹک ہب، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکلز میں مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں تعاون متوازن اور باہمی طور پر فائدہ مند ہونا چاہیے۔
فریقین نے دوطرفہ اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے بنیادی ادارہ جاتی طریقہ کار کے طور پر پاکستان-کمبوڈیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی (جےٹی سی) کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترجیحی کارروائی کے شعبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ جے ٹی سی اجلاس میں مزید بات چیت پر اتفاق کیا ۔ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء نے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، تجارتی سفارت کاری کو بڑھانے ، پائیدار اور جامع انداز میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد پاکستان-کمبوڈیا اقتصادی تعاون کی مکمل صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔








