اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور برادر عوام کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے …
پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،صدرِ مملکت کا متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور برادر عوام کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے 1971 میں متحدہ عرب امارات کو سب سے پہلے تسلیم کیا، ہمارے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد، نسل در نسل قائم باہمی رشتوں اور امن و خوشحالی کی مشترکہ امنگوں پر استوار ہیں جو وقت کے ساتھ مضبوط تر اور گہرے ہوتے چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات میری فیملی کے لئے بھی اہمیت رکھتے ہیں، ہمارے خاندان کی چار نسلوں کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ خصوصی تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس کے بانی قائدین کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کئے، بیگم نصرت بھٹو نے اپنی زندگی کے آخری ایام متحدہ عرب امارات میں گزارے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مشکل برسوں میں متحدہ عرب امارات میں جلاوطنی کے دن گزارے، آج میری بیٹی متحدہ عرب امارات کو اپنا گھر بنا چکی ہے اور مجھے طویل عرصے سے اماراتی شاہی قیادت کے ساتھ گرمجوش اور مضبوط تعلقات کا اعزاز حاصل ہے، یہ تمام رشتے ہمارے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کی جھلک ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون ہمارے مشترکہ مقاصد کو مزید آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امارات میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی ہمارے دونوں ممالک کے درمیان اہم رابطے کا ذریعہ ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس شاندار شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے اور متحدہ عرب امارات کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئےمسلسل دعاگو ہے۔








