پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کونئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش رکھتاہے، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی یواے ای کے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ جاری دوطرفہ بالخصوص تجارت، معیشت اورسرمایہ کارہ کے شعبوں میں تعلقات کونئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش رکھتاہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں یواے ای کے سفیرحمادابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیرنے یواے اے ای کے سفیرکاخیرمقدم کیا اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ریفائنری وپٹرولیم سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعلقات پرروشنی ڈالی،وزیرخزانہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ جاری دوطرفہ بالخصوص تجارت، معیشت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کونئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا بھی اظہارکیا۔

وفاقی وزیرنے یواے ای کے سفیرکوملک میں مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے فراہم کردہ مواقع سے آگاہ کیااورکہاکہ حکومت ملک میں کاروبار، تجارت اورغیرملکی سرمایہ کاری میں سہولتیں اورآسانیاں فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ملک میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کاخیرمقدم کرے گی۔یواے ای کے سفیرنے جاری دوطرفہ تعلقات کومزیدمضبوط کرنے اورنئے شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہارکیا۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ حکومت ملک میں یواے ای کی سرمایہ کاری کابھرپورخیرمقدم کرے گی اوراس ضمن میں یواے ای کے تاجروں اورسرمایہ کاروں کوہرقسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔