عمران حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، انجینئر امیر مقام

پشاور۔19جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران حکومت کی ناقص معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا تھا،وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات مدین راحت آباد فیڈرزکا افتتاح کرنے کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیرمقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو معاشی دلدل میں دھکیل دیا جس کے نتیجے میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، عمران حکومت پر ملکی تاریخ میں ریکارڈ غیر ملکی قرضے لینے اور ان غیر ملکی قرضوں کی واپسی کے حوالے سے اپنی سست روی کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی غلط معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے ہے،پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے اور پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی لیکن عمران حکومت نے جان بوجھ کر پیٹرولیم اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے میں تاخیرکی اور موجودہ حکومت کیلئے معاشی بارودی سرنگیں چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی زیر قیادت حکومت کے پاس ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ان معاہدوں کی پاسداری کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا حکومت کوصوبے کے عوام کو رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کی پیشکش کی لیکن اس کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے سٹاک میں اضافہ کر دیا گیا ہے جہاں خیبرپختونخوا کے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدین، راحت آباد نئے فیڈر کم وولٹیج کے مسائل کو حل کریں گے اور علاقے کے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کریں گے، مدین، بحرین، فتح پور اور سوات کے دیگر علاقوں کے لوگ بڑے پیمانے پر مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر کامیابی سے عمل درآمد کیا ہے اور وہ گرے لسٹ سے نکلنے کے دہانے پر ہے،پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی جو کہ پی ایم ایل(این)کی قیادت والی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے،

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو معاشی طاقت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے عوام کے تحفظات سے بخوبی آگاہ ہے اور قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔