پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا قومی انسپکٹر پائلٹ ٹریننگ کا باضابطہ آغاز کر دیا

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے قومی انسپکٹر پائلٹ ٹریننگ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہےجو ایک اہم اور جدید اقدام ہے جس کا مقصد ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں کے معائنہ اور منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل اور معیاری خطوط پر استوار کرنا ہے۔ یہ پائلٹ پروگرام ریگولیٹری نظام کی کارکردگی بڑھانے، ڈیجیٹل انسپکشن ٹیکنالوجی کے انضمام اور …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے قومی انسپکٹر پائلٹ ٹریننگ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہےجو ایک اہم اور جدید اقدام ہے جس کا مقصد ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں کے معائنہ اور منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل اور معیاری خطوط پر استوار کرنا ہے۔ یہ پائلٹ پروگرام ریگولیٹری نظام کی کارکردگی بڑھانے، ڈیجیٹل انسپکشن ٹیکنالوجی کے انضمام اور اعلیٰ تربیت یافتہ قومی انسپکٹرز کا ایک مستحکم گروہ تیار کرنے میں معاون ثابت ہوگا تاکہ تعلیم میں معیار، شفافیت اور اصولوں کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

تربیتی سیشن کا باقاعدہ افتتاح صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ تین روزہ ٹریننگ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے معائنہ کے معیارات کو مضبوط بنانے اور منظوری کے قومی عمل میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے کی ایک اہم پیشرفت ہے۔انہوں نے وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی کاوشوں اور قیمتی رہنمائی کو بھی سراہا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کے معاون، دوراندیش اور اصلاحاتی کردار کو پی ایم اینڈ ڈی سی کی مضبوطی اور ترقی کے لئے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر کی بروقت ہدایات، مستقل تعاون اور فعال سہولت کاری نے ادارے کو اپنی اہم سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی وزیر کا وژن ایک ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جس میں ریگولیٹری ادارے خود مختاری، وضاحت اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کام کر سکیں اور اس کا براہِ راست فائدہ ملک بھر کی طبی اور ڈینٹل تعلیم کو پہنچ رہا ہے۔پروگرام میں ملک کے مختلف صوبوں سے ماسٹر ٹرینرز اور انسپکٹرز نے شرکت کی جہاں انہیں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ تربیت میں پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل انسپکشن پلیٹ فارم “Digi-Inspect” کا عملی مظاہرہ اور اپ ڈیٹڈ انسپکٹر گائیڈ کا جامع تعارف شامل تھا۔ٹریننگ کامیابی کے ساتھ مکمل کی جائے گی جس کا بنیادی ہدف ماسٹر ٹرینرز کی تیاری ہے جو آئندہ اپنے اپنے علاقوں اور صوبوں میں مزید تربیتی پروگرامز کی قیادت کریں گے۔

پروگرام میں آج تصدیق شدہ ماہرین کے ذریعے علاقائی سطح پر نفاذ کی منصوبہ بندی اور “Digi-Inspect” سسٹم کی پائلٹ ٹیسٹنگ بھی شامل ہے۔ تربیت میں پروفارما 200 اور 350 کے ابتدائی نفاذ اور فیڈبیک اور اپ ڈیٹڈ انسپکٹر گائیڈ کا جائزہ، توثیق اور حتمی تشکیل بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر، یہ تربیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے معائنہ کے معیار اور یکسانیت کو مضبوط کرے گی۔ اس ٹریننگ میں پاکستان بھر سے 60 شرکاء نے حصہ لیا جن کا تعلق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور مسلح افواج سے ہے جس سے قومی سطح پر جامع اور متوازن نمائندگی ممکن ہوئی ہے۔

پہلے روز کے پروگرام میں موضوعاتی مباحثے، ڈیجیٹل سسٹم بریفنگز اور اپ ڈیٹڈ پروفارما اور گائیڈ لائنز سے عملی واقفیت شامل تھی۔ شرکاء کو دس کثیرالجہتی ٹیموں میں تقسیم کیا گیا جن میں بیسک سائنسز، کلینیکل سائنسز، میڈیکل ایجوکیشن، بائیومیڈیکل انجینئرنگ، ہسپتال مینجمنٹ اور سول انجینئرنگ/آرکیٹیکچر کے ماہرین شامل ہے۔ دوسرے روز یہ ٹیمیں ملک کے دس میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں فیلڈ پر مبنی ڈیجیٹل مشقی معائنہ کریں گی جہاں وہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے معیاری آلات کا استعمال، حقیقی وقت میں Digi-Inspect سسٹم کا استعمال اور ڈیجیٹل پروفارما 350 کا عملی اطلاق کریں گی۔

اس مرحلے میں لاجسٹکس، سفری انتظامات اور رابطہ کاری کی جانچ، عملی چیلنجز کی نشاندہی، اور اداروں کی زمینی سطح کی تعمیل کا جائزہ بھی شامل ہوگا۔تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی دس تجربہ کار فیسلیٹیٹرز کریں گے۔ پروگرام کے دوران شرکاء نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے دورے کریں گے، جہاں انہوں نے ٹیبلٹس اور Digi-Inspect سافٹ ویئر کے ذریعے مشقی ڈیجیٹل معائنہ کیا جائے گا، ڈیجیٹل پروفارما کے استعمال کی عملی تربیت حاصل کی جاۓ گی، ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے قبل و بعد تجزیہ ، اور نفاذ کے دوران تکنیکی مسائل کے حل پر کام کیا جاۓ گا۔

یہ پائلٹ مرحلہ مستقبل میں منظوری کےعمل میں شفافیت، بروقت رپورٹنگ اور شواہد پر مبنی فیصلوں کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تیسرے روز پروگرام کا اختتام معائنہ کے نتائج کے مجموعی تجزیے، اسکورنگ کے معیارات پر ہم آہنگی، شرکاء کی سیکھنے کی درجہ بندی، اور ڈیجیٹل ٹولز و عمل میں بہتری کے لیے جامع فیڈبیک کے ساتھ ہوگا۔

تین روزہ سرگرمیوں کے نتائج ملک گیر سطح پر ڈیجیٹل انسپیکشن سسٹم کی نفاذی سفارشات کو حتمی صورت دینے میں مدد فراہم کریں گے۔اس تربیت کے بعد ملک کے مختلف خطوں جیسے کراچی، کے پی کے، لاہور، بلوچستان، آئی سی ٹی/راولپنڈی اور مسلح افواج کے مراکز میں مزید تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی شفافیت، جدت، مضبوط جانچ کے طریقہ کار اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ بنانے کے اپنے عزم کی تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

مزید خبریں