پاکستان میں متعین ملائیشین ہائی کمشنرداتو محمد اظہر مزلان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ ایک یادگاردن گزارا۔ منگل کو الخدمت فاؤنڈیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آغوش کالج آمد پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے معزز مہمان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا
پاکستان میں متعین ملائیشین ہائی کمشنرکا آغوش کالج مری کا دورہ،طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ ایک دن گزارا
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان میں متعین ملائیشین ہائی کمشنرداتو محمد اظہر مزلان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ ایک یادگاردن گزارا۔ منگل کو الخدمت فاؤنڈیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آغوش کالج آمد پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے معزز مہمان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اپنے خیرمقدمی بیان میں ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ ملائشین ہائی کمشنر کی آغوش مری میں تشریف آوری ہمارے لئے انتہائی باعثِ مسرت اور باعثِ فخر ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن آغوش ہومز کے ذریعے یتیم اور مستحق بچوں کو نہ صرف عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی بہترین تربیت بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملائیشیا کے اعلیٰ تعلیمی اور فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون ہمارے بچوں کے لئے بین الاقوامی سطح پر ترقی کے نئے راستے کھولے گا۔دورہ کے دوران ایئر مارشل (ر)ارشد ملک نے معزز مہمان کو ادارے کے تعلیمی معیار، جدید ترین سہولیات اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مشن کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔
ہائی کمشنر نے طلبہ کے ساتھ ایک معلوماتی سوال و جواب سیشن میں حصہ لیا جہاں انہوں نے ملائیشیا کی ثقافت، اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور ASEAN میں ملائیشیا کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔معزز مہمان نے طلبہ سے گہرا تعلق استوار کرتے ہوئے ان میں ملائیشیا کے روایتی کھانے "ناسی لیماک” (Nasi Lemak) اور "می گورینگ” (Mee Goreng) خود تقسیم کئے۔ اس تاریخی دن کی یاد میں کالج کے احاطے میں شجرکاری کی گئی۔ معزز مہمان اور انتظامیہ نے مل کر پودا لگایا جو دونوں ممالک کی بڑھتی ہوئی لازوال دوستی کی علامت ہے۔آغوش مری انتظامیہ اور الخدمت فاؤنڈیشن نے معزز ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور دونوں ممالک کے مابین تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔









