پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفارت خانے کی جانب سے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ سے نوازا گیا

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر ) کو پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفارت خانے کی جانب سے ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ این سی ایچ آر کو ایوارڈ انسانی حقوق کے تحفظ، احتساب کے فروغ اور بنیادی آزادیوں کے دفاع میں اس کے موثر ادارہ جاتی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ایوارڈ این سی …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر ) کو پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفارت خانے کی جانب سے ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ این سی ایچ آر کو ایوارڈ انسانی حقوق کے تحفظ، احتساب کے فروغ اور بنیادی آزادیوں کے دفاع میں اس کے موثر ادارہ جاتی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ایوارڈ این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا کو پیش کیا جن کی قیادت کمیشن کے مشن کو آگے بڑھانے اور پاکستان میں انسانی حقوق کی وکالت کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم ثابت ہوئی ہے۔

بدھ کو این سی ایچ آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایوارڈ پیش کرتے ہوئے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے یہ ثابت کیا ہے کہ ادارے وہاں روشنی ڈال کر حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہو۔ اس ایوارڈ کے ذریعے ہم آفاقی اقدار کے لیے اپنے مشترکہ عزم اور اس یقین کی توثیق کرتے ہیں کہ ترقی کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب جرات، ہمدردی سے ملتی ہے۔

این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ہر اس خاموش آواز، ہر اس نظر انداز کی گئی جدوجہد اور ہر اس کمزور روح کے نام ہے جس نے انصاف کی امید رکھنے کی جرات کی، میں ان سب کی کہانیاں اپنے ساتھ رکھتی ہوں اور جہاں وہ بول نہ سکے، وہاں میں بولتی رہوں گی۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انسانی حقوق کے لیے ڈچ سفیر وم گیرٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کی سول سوسائٹی کی سرگرمی، مضبوطی اور حوصلے سے بے حد متاثر ہوا ہوں،

ہر گفتگو میں مجھے انسانی وقار، انصاف اور سب کے لیے مساوی حقوق کے لیے گہرا عزم نظر آیا۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق  اعظم نذیر تارڑ نے چیئرپرسن این سی ایچ آر رابعہ جویری آغا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انہی کوششوں کی بدولت ان کے دور سربراہی میں پاکستان کو گلوبل الائنس آف نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوشنز (جی اے این ایچ آر آئی) کی جانب سے A-سٹیٹس کی منظوری حاصل ہوئی۔تقریب میں اراکینِ پارلیمان، پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔