پاکستان نے یوکرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کر دی

پاکستان نے یوکرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کر دی

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):پاکستان نے یوکرین کی درخواست پر امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کر دی، ایک سی ۔130طیارہ 7.5 ٹن سے زیادہ امدادی اشیاء لے کر روانہ ہوا جبکہ مزید 7.5 ٹن امدادی سامان 3 جون کو روانہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین کی درخواست پر حکومت پاکستان یوکرین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد بھیج رہی ہے۔ اس انسانی امداد میں ہنگامی ادویات، الیکٹرو میڈیکل آلات، موسم سرما کے بستر اور کھانے کی اشیاء شامل ہیں۔

ایک خصوصی سی ۔130طیارہ یوکرین کے لوگوں کے لیے 7.5 ٹن سے زیادہ انسانی امداد کی اشیاء پہنچانے کے لیے روانہ ہو گیا ہے جبکہ ایک اور سی ۔

130طیارہ 3 جون کو مزید 7.5 ٹن امداد کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر تنازعات و آفات کے دوران امداد کی بین الاقوامی اپیلوں کا جواب دینے کے لیے بین الاقوامی برادری کے شانہ بشانہ کام کیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں 15 ٹن سے زائد کی پہلی کھیپ نور خان بیس سے 2 خصوصی سی۔ 130طیاروں کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔