اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):پاکستان نے 5 تا 6 فروری 2026 کو لاہور میں ڈی-8 کمشنرز کے غیر رسمی اجلاس کی میزبانی کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ڈی-8 سیکرٹریٹ کو مضبوط بنانا اور اس کے مالی اور انتظامی امور کی منظوری دینا تھا، تاکہ اپریل میں جکارتہ میں منعقد ہونے والے ڈی-8 کمیشن کے 51ویں اجلاس اور 12ویں ڈی-8 سربراہ اجلاس سے قبل ضروری تیاری مکمل کی جا سکے۔ …
پاکستان نے 5 تا 6 فروری 2026 کو لاہور میں ڈی-8 کمشنرز کے غیر رسمی اجلاس کی میزبانی کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):پاکستان نے 5 تا 6 فروری 2026 کو لاہور میں ڈی-8 کمشنرز کے غیر رسمی اجلاس کی میزبانی کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ڈی-8 سیکرٹریٹ کو مضبوط بنانا اور اس کے مالی اور انتظامی امور کی منظوری دینا تھا، تاکہ اپریل میں جکارتہ میں منعقد ہونے والے ڈی-8 کمیشن کے 51ویں اجلاس اور 12ویں ڈی-8 سربراہ اجلاس سے قبل ضروری تیاری مکمل کی جا سکے۔
منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تمام رکن ممالک آذربائیجان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا، ترکیہ اور پاکستان کے ڈی-8 کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈی-8 کے سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔ یہ غیر رسمی اجلاس رکن ممالک اور سیکریٹریٹ کے درمیان، مکالمے اور تبادلۂ خیال کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ڈی-8 کے ترجیحی شعبہ جات اور جاری اقدامات پر عملدرآمد کو تیز کرنے کے لیے عملی حکمتِ عملیوں پر غور کیا گیا۔
دو روزہ غیر رسمی دورے کے دوران ڈی-8 کے مندوبین نے لاہور کے مختلف تاریخی، ثقافتی اور قومی اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ بھی کیا۔ ان میں واہگہ بارڈر، تاریخی شالامار باغ، لاہور قلعہ ، اور بادشاہی مسجد شامل تھے۔ وفود نے تاریخی پونچھ ہاؤس، لاہور میں منعقد ہونے والے رنگا رنگ اور ثقافتی بسنت میلے میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر برائے زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے بھی شرکت کی اور غیر ملکی معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ معزز مندوبین نے غیر رسمی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومتِ پاکستان کی شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈی-8 رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








