پاکستان پولیو کے خاتمے کے لئے آئندہ چار سال میں 639.54 ملین ڈالرمختص کرے گا، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال

ابوظہبی۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت پولیو کے خاتمے کو قومی ترجیح سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں آئندہ چار سال کے دوران 639.54 ملین ڈالر مختص کئے جائیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے پولیو فری پاکستان یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے منگل کو ابوظہبی میں پولیو کے خاتمے کے لئے منعقدہ …

ابوظہبی۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت پولیو کے خاتمے کو قومی ترجیح سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں آئندہ چار سال کے دوران 639.54 ملین ڈالر مختص کئے جائیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے پولیو فری پاکستان یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے منگل کو ابوظہبی میں پولیو کے خاتمے کے لئے منعقدہ ہائی لیول پلیجنگ موومنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ تقریب متحدہ عرب امارات کی حکومت نے محمد بن زید فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹی اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (GPEI) کے اشتراک سے منعقد کی۔

وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی لاکھوں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کی مسلسل کاوشوں اور پاکستان کے ساتھ اعتماد، انسانیت اور مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر قائم مضبوط شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ آنے والی نسلوں کے لئے اخلاقی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے ،پاکستان اس فرض کو یکجہتی، عزم اور قومی ارادے کے ساتھ پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وائرس کا پھیلائو کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے، ویکسی نیشن کے معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، نگرانی کا نظام مضبوط ہےاور کمیونٹی کا اعتماد بھی مزید بڑھ رہا ہے۔

احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی قیادت کو سراہا جس کے تحت پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح بنایا گیا ہے اور اڑان پاکستان کے تحت جامع صحت اصلاحات میں پولیو انفراسٹرکچر کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے عالمی شراکت داریوں کی اہمیت کو بھی دہرایا اور یو اے ای محمد بن زید فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹی، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، روٹری انٹرنیشنل، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، سی ڈی سی اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کے تمام شراکت داروں کی مستقل حمایت کا اعتراف کیا۔

احسن اقبال نے فرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئےانہیں ہیرو قرار دیا جو مشکل حالات میں پہاڑوں، صحرائوں اور دریاؤں کا سفر طے کر کے ہر بچے تک ویکسین پہنچاتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آئندہ چار سال کے دوران 639.54 ملین ڈالر مختص کرنے کا عہد کر رہا ہے تاکہ ایک پولیو فری مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہد پاکستان کے عزم، ملکیت اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مضبوط وابستگی کی علامت ہے،پولیو کے خاتمے کے لئے گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے بھی 1.2 بلین ڈالر کا اعلان کیا گیا ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بل گیٹس سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کو دہرایا اور وزیراعظم کا پیغامِ تشکر بل گیٹس تک پہنچایا جس میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا گیا ۔

مزید خبریں