اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہرحسین اندرابی نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں 78 سال کے قبضے، ریاستی دہشت گردی …
پاکستان کا تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر او آئی سی سے اظہار تشکر

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہرحسین اندرابی نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں 78 سال کے قبضے، ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد میں دہائیوں سے مصائب برداشت کرنے والے کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی تسلط کے 78 برس مکمل ہونے کے دن یوم سیاہ منایا۔ انہوں نے 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کی کارروائیوں کا ذکر کیا جو جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کا باعث بنے۔ ترجمان نے او آئی سی کی جانب سے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر سیمینارز، پینل ڈسکشنز اور تصویری نمائشوں سمیت وسیع پیمانے پر سرگرمیاں ملک بھر میں اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کی جانب سے منعقد کی گئیں جن میں بھارتی قابض افواج کے منظم جبر اور بربریت کا سامنا کرنے والے معصوم کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ ختم کرنے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیریوں کے خلاف تمام جابرانہ اقدامات بند کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، سلامتی کونسل کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھی خطوط لکھ کر انہیں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے خصوصی کشمیر یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا اور اسلام آباد میں سفارتی کور کے ارکان کے لیے خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانا جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی حملے کی یاد دہانی ہے، یہ کشمیری عوام کی ریزیلینس کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع بھی ہے جو کئی دہائیوں کے جبر کے باوجود حق خود ارادیت کے لیے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔








