اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے انٹرنیشنل ڈیپارچرز ٹرمینل پر مسافروں کی کلیئرنس کے دوران سونے اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کی دو علیحدہ کوششیں ناکام بنا دیں،ان میں دس (10)ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ جن کا وزن 100 تولے ہے اور 11,900 امریکی ڈالر ضبط کیے گئے جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ 6 لاکھ روپے ہے، کسٹمز ایکٹ 1969 …
پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر سونے کی سمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بنا دیں،غیر ملکی کرنسی بھی برآمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے انٹرنیشنل ڈیپارچرز ٹرمینل پر مسافروں کی کلیئرنس کے دوران سونے اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کی دو علیحدہ کوششیں ناکام بنا دیں،ان میں دس (10)ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ جن کا وزن 100 تولے ہے اور 11,900 امریکی ڈالر ضبط کیے گئے جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ 6 لاکھ روپے ہے، کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔
ایف بی آر سے ہفتے کو جاری اعلامیے کے مطابق کسٹمز حکام نے دبئی جانے والے ایک مسافر کو فلائٹ نمبر FZ-330 کے ذریعے روانگی کے دوران اس وقت روکا جب بیگیج سکیننگ میں قیمتی دھات کی ممکنہ موجودگی کا شبہ ظاہر ہوا، جانچ پڑتال کے دوران مسافر کے سامان سے تین (03) ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ برآمد ہوئے جن میں سے ہر ایک کا وزن 10 تولے (کل 30 تولہ)ہے۔ سونے کی اینٹیں بڑی مہارت سے موبائل فونز کے اندر چھپا کر رکھی گئی تھیں۔
مزید برآں مسافر کے پرس سے 4,900 امریکی ڈالر بھی برآمد ہوئے جو کرنسی ڈیکلریشن کاؤنٹر پر ظاہر نہیں کیے گئے تھے۔ اس مقدمے کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 56 لاکھ 82 ہزار روپے ہے۔ قبل ازیں کسٹمز عملے نے استنبول جانے والے ایک اور مسافر کو فلائٹ نمبر TK-709 کے ذریعے روانگی کے دوران روکا، سامان کی سکیننگ میں سونے کی اینٹیں چھپائے جانے کا شبہ ظاہر ہوا۔ جوائنٹ ایگزامینیشن کاؤنٹر پر تفصیلی جانچ کے دوران مسافر کے سامان سے سات (07) ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ برآمد ہوئے جن میں سے ہر ایک کا وزن 10 تولے (کل 70 تولہ) ہے ۔
بعد ازاں مسافر کی جسمانی تلاشی کے دوران 7,000 امریکی ڈالر کی انڈکلیرڈ غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔ اس مقدمے کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔دونوں مقدمات میں برآمد شدہ سونا اور غیر ملکی کرنسی ضبط کر لی گئی ہے اور کسٹمز ایکٹ، 1969 کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔یہ کارروائیاں سمگلنگ کے خلاف ایف بی آر کے پختہ عزم اور قومی خزانے کے تحفظ کے لیے کسٹمز قوانین کے سخت نفاذ کی عکاس ہیں۔








