پاکستان کی سیاسی قیادت چین کے ساتھ دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتی ہےِ ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیائی خطہ ایک نئے انداز میں ابھر رہا ہے اور ایشیا معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے جس میں چین کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت چین …

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیائی خطہ ایک نئے انداز میں ابھر رہا ہے اور ایشیا معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے جس میں چین کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت چین کے ساتھ دوستی پر متفق ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کی بدلتی ہوئی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ خطہ کے مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے اور ترقی کےلئے راہیں ہموار کی جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو بتایا کہ ایشیائی اسمبلی کے سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے قیام کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اکتوبر میں گوادر میں ہو رہا ہے اور چین اس اہم اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ گوادر وہ شہر ہے جس نے مستقبل میں تجارتی سرگرمیوںکے ذریعے پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کےلئے کردار ادا کرنا ہے۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے اور تجارت کےلئے نئی راہیں ہموار کی جائیں۔ انہوں نے چین کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت پر چیئرمین سینیٹ کو شکریہ ادا کیا۔