پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام الاسکا بیٹریز، پی ٹی سی ایل اور پارکو کے تعاون سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں 2 سے 9 جولائی تک کھیلی جانے والی پرائم منسٹر نیشنل ویمنز انڈر۔21 ہاکی چیمپئن شپ کے میچز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ۔
پرائم منسٹر نیشنل ویمنز انڈر۔21 ہاکی چیمپئن شپ کے میچز کے شیڈول کا اعلان
لاہور۔30جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام الاسکا بیٹریز، پی ٹی سی ایل اور پارکو کے تعاون سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں 2 سے 9 جولائی تک کھیلی جانے والی پرائم منسٹر نیشنل ویمنز انڈر۔21 ہاکی چیمپئن شپ کے میچز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ۔ ملک میں جاری شدید گرمی کے پیش نظر کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے میچوں کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان ٹیم منیجرز کی متفقہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے احتجاج کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا ہے۔ کسی بھی فیصلے کے خلاف ٹیم منیجر مقررہ وقت کے اندر ٹھوس دستاویزی شواہد اور مقررہ فیس کے ساتھ احتجاج درج کرا سکے گا جبکہ احتجاج درست ثابت ہونے کی صورت میں فیس واپس کر دی جائے گی۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں چار پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پول اے میں پنجاب۔اے، گلگت بلتستان اور سٹار ویمن اکیڈمی۔بی شامل ہیں جبکہ پول بی میں کے پی کے۔اے، سندھ۔بی، مردان اور اے جے کے کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔ پول سی میں سندھ۔اے، کے پی کے۔بی اور اسلام آباد شامل ہیں۔ جبکہ پول ڈی میں پنجاب۔بی، سٹار اکیڈمی۔اے اور اولمپین ذاکر اکیڈمی کو رکھا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا۔ افتتاحی روز پہلے میچ میں مردان اور اے جے کے کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرے میچ میں گلگت بلتستان کا مقابلہ سٹار اکیڈمی۔بی سے ہوگا، تیسرے میچ میں کے پی کے۔اے اور سندھ۔بی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ چوتھے میچ میں پنجاب۔بی کا مقابلہ سٹار اکیڈمی۔اے سے ہوگا۔پول مرحلے کے مقابلے 6 جولائی تک جاری رہیں گے، جبکہ 7 جولائی کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز 8 جولائی کو منعقد ہوں گے جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل اور تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔









