پنجاب میں تمام خیراتی اداروں کی چیریٹیز کمیشن سے رجسٹریشن لازم قرار، فنڈز کے استعمال میں قانونی تقاضوں کی پابندی کی ہدایت

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت پنجاب چیریٹیز کمیشن کا 26واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیراتی اداروں کی مانیٹرنگ اور کارکردگی میں بہتری لانے کے حوالے سےفیصلے کیے گئے

راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت پنجاب چیریٹیز کمیشن کا 26واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیراتی اداروں کی مانیٹرنگ اور کارکردگی میں بہتری لانے کے حوالے سےفیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ خیراتی اداروں اور متعلقہ مستحقین کے حقوق و مفادات کا تحفظ چیریٹیز کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ پنجاب میں تمام خیراتی اداروں کے لیے پنجاب چیریٹیز کمیشن سے رجسٹریشن لازمی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ خیراتی اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ عطیات اور خیراتی فنڈز کے استعمال میں قانونی تقاضوں کی پاسداری یقینی بنائیں اور فنڈز کو مقررہ مقاصد کے لیے استعمال کریں۔

اجلاس میں خیراتی اداروں کی نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے اور ان کی کارکردگی بہتر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ عطیات کے شفاف استعمال، مستحقین کے حقوق کے تحفظ اور فلاحی سرگرمیوں میں جواب دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔پنجاب چیریٹیز کمیشن کی جانب سے خیراتی اداروں کی رجسٹریشن اور نگرانی کا مقصد فلاحی شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا، عطیات کے درست استعمال کو یقینی بنانا اور مستحق افراد تک امداد کی مؤثر فراہمی کے لیے قانونی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خیراتی ادارے اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق ادا کریں اور خیراتی فنڈز کے استعمال میں شفافیت برقرار رکھیں، تاکہ عوام کے اعتماد کو مستحکم کرنے کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچائے جا سکیں۔

مزید خبریں