پنڈلی کی سرجری کے بعد بھی ارشد ندیم کی شاندار واپسی، اسلامی یکجہتی گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کر لیا

خرم شہزاد ریاض۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان کے اولمپک چیمپئن جیولن تھروئر ارشد ندیم تاحال پنڈلی کی سرجری کے بعد مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے تاہم اس کے باوجود انہوں نے اسلامی یکجہتی گیمز 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ریاض میں ہونے والے مقابلوں میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی بہترین تھرو کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔چوٹ …

خرم شہزاد

ریاض۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان کے اولمپک چیمپئن جیولن تھروئر ارشد ندیم تاحال پنڈلی کی سرجری کے بعد مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے تاہم اس کے باوجود انہوں نے اسلامی یکجہتی گیمز 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ریاض میں ہونے والے مقابلوں میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی بہترین تھرو کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔چوٹ کے باعث رواں سال ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں وہ دسویں پوزیشن حاصل کر سکے تھے تاہم اس مایوس کن کارکردگی کے بعد انہوں نے ریاض میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

کامیابی کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ملک کے لیے ایک اور سونے کا تمغہ جیتنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ 83.05 میٹر کی تھرو ان کے اپنے معیار کے مطابق نہیں ہے، کیونکہ سرجری کے بعد صحتیابی کے مرحلے نے ان کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے۔پنجاب کے شہر میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم پاکستان کے سب سے کامیاب ٹریک اینڈ فیلڈ اتھلیٹ ہیں۔ وہ پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں، 2022ء کے دولت مشترکہ کھیلوں میں انہوں نے 90.18 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، 2023ء کی ورلڈ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ حال ہی میں جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی وہ سونے کے تمغے کے حقدار ٹھہرے۔