پولیو ورکرز ہمارے ہیرو اور فرنٹ لائن کے سپاہی ہیں، کمشنر

کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز قوم کے حقیقی ہیرو اور فرنٹ لائن کے سپاہی ہیں جو مشکل، سخت اور کٹھن حالات کے باوجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے انتھک خدمات انجام دے رہے ہیں، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں پولیو ورکرز نے بے مثال بہادری، عزم اور …

پشاور۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز قوم کے حقیقی ہیرو اور فرنٹ لائن کے سپاہی ہیں جو مشکل، سخت اور کٹھن حالات کے باوجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے انتھک خدمات انجام دے رہے ہیں، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں پولیو ورکرز نے بے مثال بہادری، عزم اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ کمشنر نے پولیو ورکرز کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں، ہیلتھ ٹیموں اور مہم میں معاونت کرنے والے دیگر محکموں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پولیو سے پاک پاکستان کے قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنر پشاور ڈویژن نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر نشتر ہال پشاور میں پولیو کے خاتمے کےلیے خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر، صوبائی و ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کے نمائندگان، پولیس اہلکاروں، محکمہ صحت کے عملے، اساتذہ اور ریونیو سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے بھی پولیو ورکرز کی محنت، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں پولیو کے مکمل خاتمے کی جدوجہد میں بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ تقریب کا مقصد پولیو مہم میں شریک تمام افراد اور اداروں کی خدمات کا اعتراف، ان کی حوصلہ افزائی اور پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے عزم کی تجدید کرنا تھا۔