پی آئی اے نے جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا کرنے کے لئے خصوصی پروازوں اور رعایتی پیکج کا اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا کرنے کے لئے پی آئی اے نے خصوصی پروازوں اور رعایتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو ہوابازی ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ14 اگست سے سکھر، ملتان اور گوادر کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے پروازوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وزیر ہوابازی نے کہا کہ پی آئی اے اندرون ملک سیاحت کو فروغ دینے کیلئے یوم آزادی کی چھٹیوں میں گلگت اور سکردو کے لئے بھی رعایتی کرایوں کے ساتھ خصوصی اضافی پروازیں چلا رہی ہے ۔ جشن آزادی پیکج کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے مابین پروازوں پر کرایوں میں 14 فیصد رعایت دی گئی ہے اور سامان کی حیران کن حد 73 کلو تک کر دی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برطانیہ اور یورپ کے لئے پی آئی اے کا متبادل فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن ہے۔14اگست سے برطانیہ کے لئے متبادل انتظامات کے تحت فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے، پیرس کے لئے بھی پی آئی اے کی دو خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 15 اگست کو پیرس سے اسلام آباد اور 16 اگست کو اسلام آباد سے پیرس پرواز روانہ ہو گی۔ پیرس سے اسلام آباد کے لئے دوسری پرواز 29 اگست اور اسلام آباد سے پیرس 30 اگست کو روانہ ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کے خصوصی تعاون اور کوششوں سے یورپ اور برطانیہ کے لئے متبادل انتظامات کے تحت پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ حکومت یورپ اور برطانیہ کے لئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لا رہی ہے۔