پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالغفور کی سیاحت کے شعبہ پر بریفنگ

اسلام آباد ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ( پی ٹی ڈی سی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالغفور نے پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کے اقتصادی قونصلر چپ لائٹینن سے ملاقات کی اور پاکستان میں سیاحت کے شعبہ پر انہیں بریفنگ دی۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاک امریکہ ستر سالہ سفارتی تعلقات کامیابی سے مکمل ہوئے ہیں اور امریکی امدادی ادارہ ( یو ایس ایڈ) ملک کے دیہی علاقوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کی معاونت کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں لیکن غیر ملکی میڈیا کے منفی تاثر کی وجہ سے پاکستان میں غیر ملکی سیاحت کم ہوئی ہے جبکہ حقیقت میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔