چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بچوں کے تحفظ سے متعلق جاری آگاہی مہم مزید فعال

چئیر پرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تمام ضلعی دفاتر کو بچوں کے تحفظ سے متعلق جاری آگاہی مہم باقاعدگی سے اور بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):چئیر پرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تمام ضلعی دفاتر کو بچوں کے تحفظ سے متعلق جاری آگاہی مہم باقاعدگی سے اور بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ، ذاتی تحفظ، بچوں سے زیادتی کی روک تھام اور اجنبی افراد سے متعلق احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ بچوں کو یہ شعور دیا جائے کہ وہ کسی بھی اجنبی شخص کے ساتھ ہرگز نہ جائیں اور کسی بھی مشکوک رویے یا سرگرمی کی فوری اطلاع اپنے والدین، اساتذہ یا سرپرستوں کو دیں۔

اس کے ساتھمدارس، مساجد، تعلیمی اداروں اور مقامی کمیونٹیز میں علما کرام، آئمہ مساجد، خطبا اور مذہبی رہنمائوں کے تعاون سے خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اور اس لیے موثر آگاہی ہی محفوظ بچپن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ والدین اور شہری بچوں کے استحصال، تشدد، گمشدگی یا کسی بھی مشکوک صورتحال کی اطلاع فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب بچوں کے محفوظ، باوقار اور پرتشدد ماحول سے پاک مستقبل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔