چنیوٹ ،عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری

چنیوٹ۔ 19 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے چک نمبر 146ج ب بھکڑی جھوک میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی، طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز و طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاہم دیہی …

چنیوٹ۔ 19 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے چک نمبر 146ج ب بھکڑی جھوک میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی، طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز و طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاہم دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے، جسے حکومت اور مخیر اداروں کے باہمی تعاون سے دور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بزنس ٹو بزنس (B2B) کانفرنس جاری ہے، جس میں تقریباً 40 سے 42 ملین ڈالر مالیت کے عملی معاہدے طے پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں ادویات کی تیاری اور فارماسیوٹیکل صنعت میں سرمایہ کاری کریں گی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت کو تقویت ملے گی۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرنا ہوگا تاکہ معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا بھکڑی جھوک میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ میں اب تک 500 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد نے زندگی میں پہلی مرتبہ اپنی طبی جانچ کروائی۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ہسپتال اور تشخیصی سہولیات کی کمی کے باعث ایسے کیمپ عوام کے لیے نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ میڈیکل کیمپ اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جبکہ مقامی انتظامیہ، سماجی شخصیات اور رضاکاروں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح تقریباً 3.7 فیصد رہی ہے، تاہم عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔\378