چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ، خاتون اول ثمینہ علوی

کراچی۔28جون (اے پی پی):خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ وہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پر تین سال سے کام کر رہی ہیں جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، اب ہسپتال، ڈاکٹرز اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد یہ بتا رہے ہیں کہ چھاتی کے کینسر کے پہلے مرحلے کے کیسز بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوچھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خاتون اول نے کہا کہ اس کی وجہ پچھلے تین برسوں کے دوران پیدا ہونے والی آگاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کا کینسر ایک سنگین مسئلہ تھا کیونکہ اس بیماری سے متاثرہ مریضوں کی بڑی تعداد میں جانیں ضائع ہورہی تھی اور اس کی بڑی وجہ لاعلمی تھی۔

خاتون اول نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ہنر کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔انہوں نے چھاتی کے کینسر اور اس کی جلد تشخیص کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا جس سے شرح اموات پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔