اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان کی نجی جامعات کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے اسلامی تعاون کی سائنس و ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی (او آئی سی۔کامسٹیک) سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل ۔کامسٹیک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کامسٹیک اور ایپ سیپ کی شراکت داری کے …
چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کا او آئی سی۔کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان کی نجی جامعات کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے اسلامی تعاون کی سائنس و ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی (او آئی سی۔کامسٹیک) سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل ۔کامسٹیک سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کامسٹیک اور ایپ سیپ کی شراکت داری کے تحت جاری اور مستقبل کے تعاون کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا، جن کا مقصد رکن ممالک میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور استعداد کار میں اضافہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے چیئرمین ایپ سیپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قیادت اور کردار سازی کے تربیتی پروگراموں سمیت مختلف مشترکہ منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں مسلسل تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ فلسطینی طلباء کی پاکستانی جامعات میں داخلوں اور وظائف میں معاونت جاری رکھی جائے گی اور غزہ، فلسطین میں اعلیٰ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں بحالی اور استعداد کار کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔
فریقین نے پانچویں ریکٹرز کانفرنس کی تیاریوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا جو 3 تا 5 دسمبر 2025ء کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی، جہاں ’’کردار کے ساتھ قیادت‘‘ کے عنوان سے وائس چانسلرز کے لیے بین الاقوامی تربیتی پروگرام کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
مزید برآں، فریقین نے مشترکہ تربیتی پروگراموں، علمی مواد کے عربی اور فرانسیسی زبانوں میں تراجم، اور او آئی سی ممالک کے محققین کی معاونت کے ذریعے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے آخر میں دونوں راہنماوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کی ترویج اور اعلی تعلیم کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








