باکو۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے دوطرفہ تعلقات اور بین الپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، دونوں برادر ممالک کے مابین تاریخی، ثقافتی اور سیاسی رشتوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اتفاقِ رائے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور تاجکستان کی مجلس نمائندگان کے چیئرمین فیزالی ادیزودا کے درمیان باکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔ جمعہ …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور تاجکستان کی اسمبلی کے چیئرمین کی ملاقات

مزید خبریں
باکو۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے دوطرفہ تعلقات اور بین الپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، دونوں برادر ممالک کے مابین تاریخی، ثقافتی اور سیاسی رشتوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اتفاقِ رائے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور تاجکستان کی مجلس نمائندگان کے چیئرمین فیزالی ادیزودا کے درمیان باکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور تاجکستان کی دوستی باہمی احترام، مشترکہ مذہبی اقدار اور امن، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، توانائی، روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی تعاون کے نئے راستے کھل سکیں۔انہوں نے پارلیمانی روابط کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر بین الپارلیمانی تعاون باہمی اعتماد کے فروغ، بہتر قانون سازی اور عوامی مفاد پر مبنی پالیسی سازی کے لئے ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی کمیٹیوں اور فرینڈشپ گروپس کے درمیان باقاعدہ روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ اقتصادی ترقی، ماحولیاتی استحکام اور گورننس جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تجربات اور بہترین عمل ایک دوسرے سے شیئر کئے جا سکیں۔چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے لئے خطے کے تعاون پر مبنی فورمز جیسے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) اور اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم (سی ایس ٹی او ) کے تحت تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور خفیہ معلومات کے تبادلے جیسے اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تجارت و معیشت کے میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ٹیکسٹائل، زراعت، صنعت اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ مواقع سے استفادہ کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان عالمی فورمز خصوصاً ایس سی او اور او آئی سی میں قریبی رابطے رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کو خطے میں رابطوں کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے تاجک ہم منصب کو پاکستان میں 10 تا 12 نومبر 2025ء کو منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس علاقائی امن، سلامتی اور ترقی کے حوالے سے مکالمے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی اور بین الپارلیمانی و بین الحکومتی تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔
دونوں رہنماؤں نے تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان قریبی تعلقات استوار ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے تاجکستان کے علاقائی امن و استحکام میں مثبت کردار اور وسطی ایشیا کی ترقی و خوشحالی کے لئے اس کی تعمیری کاوشوں کو سراہا۔








