چیئرمین سینیٹ کا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

باکو۔30اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو پاکستان کے تاریخی و ثقافتی مقامات کے دورے کی دعوت دی تاکہ ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔جمعرات کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری …

باکو۔30اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو پاکستان کے تاریخی و ثقافتی مقامات کے دورے کی دعوت دی تاکہ ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔جمعرات کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے آئین کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے متحدہ عرب امارات کی وفاقی نیشنل کونسل کے سپیکر صقر غباش سے اہم ملاقات کی۔ اس دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون کو باہمی مفاہمت، علاقائی استحکام اور ترقی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے اپریل 2025 میں رباط میں منعقدہ تیسری ساؤتھ-ساؤتھ پارلیمانی ڈائیلاگ فورم کے موقع پر صقر غباش سے ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوئی۔سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیرِاعظم پاکستان اپنے دور میں یو اے ای کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کو ترجیح دینے کا ذکر کیا۔

انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شیخ زید بن سلطان النہیان کی دوراندیش قیادت نے ان تعلقات کی بنیاد رکھی جو آج بھی برادرانہ دوستی کی علامت ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اپریل 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان 14 یادداشتوں پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا جن کا تعلق تجارت، بینکاری، معدنیات اور ثقافتی تبادلے جیسے اہم شعبوں سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2023–24 میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت 10.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ پاکستان کی برآمدات میں 41 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے تحت پاکستان کے ریلویز، قابلِ تجدید توانائی اور سمارٹ ایگریکلچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔چیئرمین سینیٹ نے 1 لاکھ پاکستانی شہریوں کو پانچ سالہ ملٹی پل ویزا دینے کے فیصلے پر یو اے ای کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے عوامی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

ملاقات کے دوران، چیئرمین سینیٹ نے سپیکر صقر غباش کو اسلام آباد میں 10 تا 12 نومبر 2025 کو منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس امن، ترقی، سلامتی اور پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سپیکر صقر غباش کی قیادت کو سراہتے ہوئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے تعاون کے تسلسل کو خوش آئند قرار دیا اور دوطرفہ تحقیقی پروگراموں، آن لائن سیمینارز اور عالمی چیلنجز جیسے ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور قابلِ تجدید توانائی پر مشترکہ اقدامات کی تجویز دی۔

علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کے دوران چیئرمین سینیٹ نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور آبی معاہدے کی معطلی کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی شدید مذمت کی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت دہرائی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سفارتکاری، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای کے شہریوں کو پاکستان کے تاریخی و ثقافتی مقامات ملتان، لاہور، ٹھٹھہ، ہنزہ اور موہنجو داڑو کے دورے کی دعوت دی تاکہ ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں