اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر وہاں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ حکومت کے خلاف شجاعت اور عزم کی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 1947آزادیِ گلگت بلتستان کی جدوجہد کا وہ تاریخی دن ہے جب وہاں کے عوام نے اپنی …
چیئرمین سینیٹ کی گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی پر عوام کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر وہاں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ حکومت کے خلاف شجاعت اور عزم کی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 1947آزادیِ گلگت بلتستان کی جدوجہد کا وہ تاریخی دن ہے جب وہاں کے عوام نے اپنی قربانیوں اور جہدِ مسلسل سے آزادی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے تحریکِ آزادیِ گلگت بلتستان کے شہدا، غازیوں اور اُن تمام محسنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے خطے کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ وابستگی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہر دور میں ملکی ترقی، سلامتی اور دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہمیشہ سے گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور ترقی کے لیے پُرعزم رہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر سطح پر تعاون جاری رکھا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے گلگت بلتستان میں تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کو ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور گلگت بلتستان کو مزید ترقی، امن اور خوشحالی سے نوازے اور قومی یکجہتی و اتحاد کے جذبے کو ہمیشہ قائم رکھے۔








