چیئرمین وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا کا شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس کا دورہ

چیئرمین وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا نے شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کا فالو اپ دورہ کیا

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا نے شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کا فالو اپ دورہ کیا۔ چیئرپرسن و ڈین، شیخ زاید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور ڈاکٹر محمد حاطف اقبال نے ہسپتال پہنچنے پر انکا استقبال کیا۔اس موقع پرچیئرمین انسپکشن کمیشن کو کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں اور ڈاکٹر محمد حاطف اقبال نے بتایا کہ ادارہ طبی خدمات کے معیار، شفافیت اور مسلسل بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ وفاقی حکومت اور منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے وژن کے مطابق اصلاحات پر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

قبل ازیں چیئرمین نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، خدمات کے معیار اور موثر فراہمی کا جائزہ لیا۔ معائنہ ٹیم نے ہسپتال میں جاری ڈیجیٹلائزیشن کے عمل بالخصوص فنڈز کی وصولی اور جمع کرانے کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ شفافیت، جوابدہی اور مالیاتی نظم و نسق کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ ہسپتال میں صفائی اور حفظانِ صحت کے معیار, بیڈ آکیوپنسی ریشو ( بی او آر) اور ہسپتال کے وسائل کے موثر استعمال و مریضوں کی نگہداشت کی استعداد کا بھی جائزہ لیا گیا۔دورے کے اختتام پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت ان اصلاحاتی اقدامات کے تسلسل سے نہ صرف مریضوں کو مزید معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ دورے کا مقصد کمیشن کے گزشتہ معائنے کے بعد ادارے میں کیے گئے اہم انتظامی اصلاحات اور آپریشنل بہتری کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔