چیف الیکشن کمشنر ایم جے سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس، حکومت پنجاب کی جانب سے بھجوائے گئے نئے بلدیاتی قانون کا جائزہ مکمل کر لیاگیا

اسلام آباد ۔ 25 فروری (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کی جانب سے بھجوائے گئے نئے بلدیاتی قانون کا جائزہ مکمل کر لیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے مطلوبہ معلومات، نقشہ جات اور دیگر اعداد و شمار کی عدم فراہمی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر ایم جے سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی طرف سے بھجوائے گئے ڈرافٹ پنجاب ویلج پنچائیت اینڈ نیبر ہڈ کونسل رولز 2020ءپر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن مسودہ پر اپنے کمنٹس مکمل کر لئے اور اس کا جواب پنجاب حکومت کو بھجوایا جا رہا ہے۔ مجوزہ رولز پر بحث کے دوران پنجاب حکومت کی طرف سے مطلوبہ معلومات، ضروری نوٹیفکیشنز، نقشہ جات، مذہبی اقلیتوں کے شماریاتی بلاک کی ترتیب سے اعداد و شمار کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو مراسلہ جاری کر دیا ہے کہ مذکورہ بالا دستاویزات و معلومات فوری طور پر الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائیں تاکہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات اٹھا سکے۔