اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی (ایف جے اے) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے 44ویں اجلاس کی صدارت کی ،جس میں عدالتی تربیت اور ادارہ جاتی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم …
چیف جسٹس کا فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں غیر ملکی ثالثی قوانین پر خصوصی تربیت پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی (ایف جے اے) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے 44ویں اجلاس کی صدارت کی ،جس میں عدالتی تربیت اور ادارہ جاتی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ (نائب چیئرمین بورڈ)، اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، سیکرٹری وزارت قانون و انصاف محمد خشیع الرحمٰن اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی حیات علی شاہ (رکن/سیکرٹری بورڈ) نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب جو بورڈ آف گورنرز کے مشیر بھی ہیں اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن فاضل عباسی نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اکیڈمی کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور غور کے لیے ایجنڈا نکات پیش کیے۔ بورڈ نے مختلف امور پر غور کیا جن میں مسودہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی (ملازمت کی شرائط و ضوابط) رولز 2026 بھی شامل تھے۔بورڈ نے اکیڈمی کے انفراسٹرکچر کی مرمت اور دیکھ بھال سے متعلق تجاویز کی منظوری بھی دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے سالانہ رپورٹ 2023-2024 پیش کی جس میں سال بھر کے اہم اقدامات، تربیتی پروگرامز اور ادارہ جاتی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا۔
بورڈ نے عدالتی تعلیم کے فروغ اور ملک بھر کے جوڈیشل افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اکیڈمی کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ججز کو اقوام متحدہ کے غیر ملکی ثالثی فیصلوں کی تسلیم و نفاذ سے متعلق کنونشن اور انفورسمنٹ (ثالثی معاہدات اور غیر ملکی ثالثی ایوارڈز) ایکٹ 2011 کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی جائے تاکہ بین الاقوامی ثالثی کے فریم ورک کو موثر انداز میں سمجھنے اور نافذ کرنے کی صلاحیت میں بہتری آئے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پاکستان میں عدالتی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے مرکزی ادارے کے طور پر اپنا کردار مزید موثر انداز میں جاری رکھے گی۔








