چیف جسٹس یحی آ فریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ میں انٹرپرائز لیول ڈیٹا سینٹر کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس یحی آ فریدی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عدالت کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انٹرپرائز لیول ڈیٹا سینٹر کے قیام سے متعلق تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ڈیٹا سینٹر ہائپر کنورجڈ انفراسٹرکچر (HCI) پر مبنی ہوگا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بتایا …

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس یحی آ فریدی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عدالت کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انٹرپرائز لیول ڈیٹا سینٹر کے قیام سے متعلق تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ڈیٹا سینٹر ہائپر کنورجڈ انفراسٹرکچر (HCI) پر مبنی ہوگا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ نظام کا مقصد عدالتی نظام میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا، ڈیٹا سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور سپریم کورٹ کے آئی ٹی سسٹمز کی آپریشنل استعداد اور تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار ہاشم خان نے شرکت کی اور اسکیل ایبل، کم لاگت اور مستقبل سے ہم آہنگ انفراسٹرکچر سے متعلق ماہرانہ رائے دی جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو۔ انہوں نے نیشنل جوڈیشل ڈیش بورڈ پر پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ ڈیش بورڈ ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلوں میں معاون ثابت ہو رہا ہے اور انصاف کے شعبے میں باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ قریبی تعاون سے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر کام کرے گی، جن میں ڈیٹا سینٹر کا قیام، ایچ سی آئی سلوشن کی تنصیب اور کم خرچ، پائیدار اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کی تیاری شامل ہے تاکہ عدالتی نظام میں کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔