چین معاشی ترقی ،مالی استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ۔29جون (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زائو لیجیان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی ،لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور مالی استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے انٹرنیشنل پریس سینٹر (آئی پی سی) میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار ہیں ، چین نے معاشی …

بیجنگ۔29جون (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زائو لیجیان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی ،لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور مالی استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے انٹرنیشنل پریس سینٹر (آئی پی سی) میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار ہیں ، چین نے معاشی ترقی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور مالی استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنمائوں کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، مالیات سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو کو مضبوط کرنے، خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

چینی شہریوں اور اثاثوں کی حفاظت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے متعلقہ محکمے، پاکستانی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ چینی اداروں کے تحفظ کے حوالے سے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین اور پاکستان کے متعلقہ محکمے، پاکستانی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ چینی اداروں اور عہدیداروں کے تحفظ کے لیے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)اور بین الحکومتی تعاون کے منصوبوں میں شامل چینی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی سکیورٹی فورس قائم کی ہے اور پاکستان میں چینی عہدیداروں کی حفاظت بھی کی ہے۔