چین پاکستان تعلیمی شراکت داری میں پیش رفت، جیانگ ین تیانہوا آرٹ سکول اور چائنا پاکستان ایجوکیشنل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان سسٹر سکول معاہدے پر باضابطہ دستخط

چین کے صوبہ جیانگ سو کے تعلیمی ادارے جیانگ ین تیانہوا آرٹ سکول اور اسلام آباد میں قائم چائنا پاکستان ایجوکیشنل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان حال ہی میں جیانگ ین میں سسٹر سکول معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے گئے جو دوطرفہ تعلیمی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):چین کے صوبہ جیانگ سو کے تعلیمی ادارے جیانگ ین تیانہوا آرٹ سکول اور اسلام آباد میں قائم چائنا پاکستان ایجوکیشنل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان حال ہی میں جیانگ ین میں سسٹر سکول معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے گئے جو دوطرفہ تعلیمی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے۔دستخط کی تقریب ’’2026 اوورسیز چائنیز سکول لیڈرز جیانگ سو ٹور‘‘ کے دوران منعقد ہوئی ، اس دورے میں 22 ممالک سے بیرون ملک قائم چینی سکولوں کے 29 سربراہان نے شرکت کی اور نانجنگ، جیانگ ین اور چانگ ژو میں تعلیمی تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا۔سسٹر سکول شراکت داری کا مقصد چینی اور پاکستانی ماہرین تعلیم اور طلبہ کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو مزید فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے متعدد شعبوں میں تعاون کریں گے جن میں بین الاقوامی افہام و تفہیم سے متعلق تعلیمی سیمینارز اور پیشہ ورانہ ترقی کی سرگرمیوں میں مشترکہ شرکت شامل ہے۔ دونوں فریق تعلیمی وسائل اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی تجربات اور مہارت کا بھی تبادلہ کریں گے۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق طلبہ کو ای میل اور ویڈیو رابطوں کے ذریعے تعلیمی شراکت داری قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ ان کی زبان کی مہارت اور ثقافتی فہم میں اضافہ ہو سکے۔