ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 06جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ، غربت کا خاتمہ و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے فریم ورک کے تحت غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کا جو پروگرام شروع کیا گیا ہے بلا سود قرضے ، ہنر مندی کی تعلیم اور اثاثوں کی منتقلی اس پروگرام کے تین بڑے پہلو …

اسلام آباد ۔ 06جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ، غربت کا خاتمہ و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے فریم ورک کے تحت غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کا جو پروگرام شروع کیا گیا ہے بلا سود قرضے ، ہنر مندی کی تعلیم اور اثاثوں کی منتقلی اس پروگرام کے تین بڑے پہلو ہیں، رورل سپورٹ پروگرام اور اخوت سمیت دیگر حکومتی ادارے اور 22 سے زائد این جی اوز بھی احساس پروگرام کا حصہ ہیں ،منصوبے سے 4 سال میں ایک کروڑ61 لاکھ افراد مستفید ہوںگے جبکہ 4 سال کے دوران مجموعی طور پر 42.65 ارب روپے سے معاشرے کے غریب طبقات کی فلاح وبہبود کے اقدامات کئے جائیں گے ، ہر ماہ 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے علاوہ لاکھوں افراد کو نیوٹیک کے ذریعے ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی ،فریم ورک کے تحت ہر ماہ ایک نیا پروگرام لائیں گے جو سماجی تحفظ کے ایک جامع منصوبے کا حصہ ہوگا۔ ہفتے کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے قرضے غریب آدمی کی زندگی میں انقلاب لاسکتے ہیں اور کل (جمعہ)کے مبارک دن وزیراعظم عمران خان نے اس کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے جو سماجی تحفظ کے جامع منصوبے کا آغاز تھا اور بیک وقت 391 مقامات پر تقاریب میں غریب اور مستحق ایسے افراد کو بلا سود قرضے فراہم کئے گئے جو اپنے خاندان کی کفالت اور اپنے کاروبارکو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے آبپارہ مارکیٹ میں چپس فروخت کرنے والے شخص کو جسے قرضہ فراہم کیا گیا، کے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کہنا تھا کہ وہ ان پیسوں سے اپنے کاروبار کو وسعت دے کر لیمن سوڈا کا کاروبار شروع کرے گا، اسی طرح نور پور شاہاں(بری امام )میں پکوائی کا کام کرنے والے شخص نے کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دے گا اور اپنی آمدن بڑھا کر اس احساس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالے گا،ایک موبائل ریپیئرنگ کا کام کرنے والے نوجوان نے بھی اپنے احساسات بیان کئے ، کراچی سے ایک خاتون جو مویشیوں کے زیب وآرائش کی چیزیں تیار کرتی ہے، نے بھی اپنے جذبات کا اظہارکیا جس سے معلوم ہوتا ہے یہ تھوڑا سا سرمایہ غریب لوگوں کے گھروں میں انقلاب برپا کرتا ہے۔

مزید خبریں

Leave a Reply