ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کی بھرتی کے عمل سے متعلق اہم اجلاس

"ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کی بھرتی کے عمل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شفاف، میرٹ پر مبنی اور منظم بھرتی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔”

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے عمل کے جائزہ کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں افسران کو شفافیت، میرٹ اور موثر انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی رانا عمر فاروق کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کی بھرتی کے عمل سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بھرتی کے مختلف مراحل، انتظامی امور، میرٹ، شفافیت اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سکیورٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں، امیدواروں کے لئے منظم، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کیا جائے اور ہر مرحلے کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بھرتی کا عمل ہر لحاظ سے شفاف اور منصفانہ رہے۔بعد ازاں، ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے اسلام آباد پولیس کی بھرتیوں کے سلسلے میں ایف نائن پارک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیدواروں کے لئے کئے گئے انتظامات، سکیورٹی، داخلی و خارجی انتظامات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے تمام مراحل کو منظم، شفاف اور میرٹ پر مبنی انداز میں مکمل کیا جائے، امیدواروں کی سہولت، نظم و ضبط اور سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔