ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے رائیونڈ اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور جاری تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرآصف ارباب خان اور ڈی ایم ڈی واسا عبدالطیف سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران اجتماع گاہ کے منتظمین نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی …
ڈپٹی کمشنر لاہور کا رائیونڈعالمی اجتماع گاہ کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔7نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے رائیونڈ اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور جاری تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرآصف ارباب خان اور ڈی ایم ڈی واسا عبدالطیف سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران اجتماع گاہ کے منتظمین نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز سے ملاقات کی اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی اجتماع میں دنیا بھر کے 109 ممالک سے زائرین شریک ہیں۔
منتظمین نے اختتامی دعا، ٹریفک روانی، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے بہترین انتظامات پر ڈی سی لاہور کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی اختتامی دعا کل ہوگی جس کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز 12 نومبر سے ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے اجتماع گاہ کے اندر اور اطراف میں قائم طبی سہولیات، پارکنگ ایریاز، میڈیکل کیمپس اور ادویات کا اسٹاک تفصیل سے چیک کیا۔ڈی سی لاہور نے ہدایات جاری کیں کہ میڈیکل کیمپس میں تمام ضروری ادویات کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائی جائے اور پارکنگ سمیت ٹریفک کی روانی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے اختتامی دعا کے لیے جامع سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی۔ ڈی سی لاہور نے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ اجتماع گاہ میں ٹریفک وصفائی انتظامات اطمینان بخش اور تمام الائیڈ محکمے زائرین کی سہولت کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اختتامی دعا اور دوسرے مرحلے کے لیے سکیورٹی و انتظامی ادارے ہائی الرٹ ہیں اور 109 ممالک سے آئے مندوبین اور زائرین کو بہترین بلدیاتی و طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔







