ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیر صدارت اجلاس،نئی سبزی منڈی میں تمام ہول سیل تاجروں کو جلد منتقل ہونے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت انجمن تاجران کیچ کا اجلاس منعقد ہواجس میں تمام عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنر نعمان منیر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، پی ڈی ایم اے مکران ڈویڑن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی، مارکیٹ کمیٹی کے سیکرٹری محبوب علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ریاض احمد بھی موجود تھے۔

کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت انجمن تاجران کیچ کا اجلاس منعقد ہواجس میں تمام عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنر نعمان منیر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، پی ڈی ایم اے مکران ڈویڑن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی، مارکیٹ کمیٹی کے سیکرٹری محبوب علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ریاض احمد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ جوسک کے مقام پر قائم نئی سبزی منڈی مکمل طور پر تیار ہے اور موجودہ سبزی منڈی کے تمام ہول سیل تاجروں کو جلد از جلد وہاں منتقل ہونا چاہیے۔ انہوں نے انجمن تاجران کو ہدایت کی کہ آئندہ دس روز کے اندر نئی مارکیٹ کا جائزہ لے کر منتقلی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے اندر موجود پرانی سبزی منڈی میں صرف 40 دکانیں ہیں جبکہ جوسک میں تعمیر ہونے والی نئی سبزی منڈی میں 60 سے زائد دکانیں مکمل ہو چکی ہیں اور مزید 20 دکانوں کی تعمیر جاری ہے۔ نئی سبزی منڈی 12 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جہاں تاجروں اور خریداروں کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ موجودہ سبزی منڈی کے باعث شہر کے مرکزی بازار میں گندگی، ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں جن پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے اس کے برعکس نئی سبزی منڈی میں سیوریج سسٹم، پینے کے صاف پانی، مسجد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جس سے تاجروں اور عوام کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔اجلاس کے دوران چیف آفیسر شعیب ناصر نے بتایا کہ انتظامیہ ایک سال قبل نئی سبزی منڈی میں منتقلی کے حوالے سے اشتہارات جاری کر چکی ہے اور متعدد مرتبہ تاجروں کو ہدایات بھی دی گئی ہیں، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے سست روی کے باعث منتقلی کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ شہر کے اندر بھاری ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نئی سبزی منڈی سے متعلق تاجروں کو درپیش تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔اجلاس میں شہر کے پارکنگ مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے ہدایت کی کہ دکانداروں کے لیے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مخصوص پارکنگ ایریاز فراہم کیے جائیں گے جبکہ شہریوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دکانوں کے سامنے بے ہنگم انداز میں پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔اس موقع پر انجمن تاجران کے نمائندوں نے متعدد شہری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بعض دکاندار تعمیر و مرمت کے دوران اپنی دکانوں کا ملبہ سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں جس سے راستے بند ہو جاتے ہیں اور پیدل چلنے والوں سمیت ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر شعیب ناصر کو ہدایت جاری کی کہ ایسے دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور سڑکوں پر ملبہ ڈالنے والوں کے تعمیراتی کام کو فوری طور پر بند کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں پارکنگ کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کرکے ان کا سروے کیا جائے اور سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی قبضوں کو ختم کرکے عوامی مفاد کے لیے استعمال میں لایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تربت شہر کو صاف، منظم اور ٹریفک مسائل سے پاک بنانے کے لیے انتظامیہ اور تاجر برادری باہمی تعاون سے عملی اقدامات کریں گے، جبکہ جوسک سبزی منڈی میں منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

مزید خبریں