چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کو خودکار، مؤثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لئے انصاف کے شعبے سے وابستہ تمام فریقوں کی ڈیجیٹل مہارت ناگزیر ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال انصاف کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب بار کونسل …
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال جدید اور عوام دوست عدالتی نظام کے لئے ناگزیر ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کو خودکار، مؤثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لئے انصاف کے شعبے سے وابستہ تمام فریقوں کی ڈیجیٹل مہارت ناگزیر ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال انصاف کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب بار کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
چیف جسٹس نے وفد کو وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے ذریعے جاری استعداد کار بڑھانے کے مختلف پروگراموں سے بھی آگاہ کیا اور وکلا ء برادری پر زور دیا کہ وہ تربیت اور پیشہ وارانہ ترقی کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرے۔پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین فخر حیات اعوان، پبلیکیشن کمیٹی کے چیئرمین ملک غلام عباس نسوانہ، سردار عبدالباسط خان بلوچ، ملک مقصود کھوکھر، رانا سر بلند خان، چوہدری عمر محمود، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سہال، سیکشن آفیسر آفتاب احمد اور غلام رضا شامل تھے۔
وفد نے ملک بھر میں عدالتی شعبے میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے عدالتی کمپلیکسز میں ای لائبریریوں کے قیام، سولرائزیشن اور خواتین سہولت مراکز کے قیام کو انصاف تک رسائی اور عوامی خدمت کے لئے اہم اقدامات قرار دیا۔وفد نے چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان لاء ویب سائٹ تک رسائی کے لئے لاگ اِن معلومات بھی پیش کیں تاکہ عدالتی نظام سے وابستہ افراد ڈیجیٹل قانونی وسائل سے بہتر انداز میں استفادہ کر سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر پیشہ ورانہ اور ادارہ جاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بنچ اور بار باہمی تعاون سے پیشہ وارانہ استعداد میں اضافے، ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی اصلاحات کے فروغ اور عوام دوست عدالتی نظام کے قیام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔








