ڈینیئل مدویدیف اور نوویک جوکووچ چائنا اوپن مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

روس کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ ڈینیئل مدویدیف اور سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار،24 بار کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووچ اپنی فتوحات کو برقرارر کھتے ہوئے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں سیمی فائنل میں پہنچ گئے

بیجنگ۔5اکتوبر (اے پی پی):روس کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ ڈینیئل مدویدیف اور سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار،24 بار کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووچ اپنی فتوحات کو برقرارر کھتے ہوئے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ ای ایس پی این کے مطابق39سالہ سابق عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگل مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 29 سالہ جرمن ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف کو 1-2سیٹس سے شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔اے ٹی پی چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے قومی ٹینس سینٹرمیں جاری ہیں۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار،24 بار کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووچ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 سالہ جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف کو 6-4،4-6 اور4-6سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی اور ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں ان کا مقابلہ روس کے ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف سے ہوگا۔اس فتح کے ساتھ بیجنگ میں جوکووچ کی مسلسل فتوحات کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ وہ چائنا اوپن کا 7واں ٹائٹل جیتنے اور 2026 کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ روس کے ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف نے کوارٹر فائنل میچ میں ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولو کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(4-7)اور 3-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔