ڈی پی او بٹگرام کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ایبٹ آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام کے مطابق شرکا نے ڈی پی او محمد ایاز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور تعیناتی کے دوران قیام امن، قانون کی بالادستی اور بین المحکماتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مثالی کردار …

ایبٹ آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام کے مطابق شرکا نے ڈی پی او محمد ایاز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور تعیناتی کے دوران قیام امن، قانون کی بالادستی اور بین المحکماتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مثالی کردار ادا کیا۔ افسران کی جانب سے محمد ایاز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانتداری اور عوام دوست رویے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوامی خدمت کے لئے تمام ادارے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اپنے خطاب میں ڈی پی او محمد ایاز نے ضلع انتظامیہ اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بٹگرام کے عوام امن پسند اور قانون کا احترام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکا نے محمد ایاز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لئے دعا کی۔ تقریب میں سیشن جج محمد ارشد خان، ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر سینئر افسران جس میں ضلع کی سول و پولیس انتظامیہ کے افسران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔