کالی آندھی نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا

سلہٹ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) شائی ہوپ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کالی آندھی نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ کالی آندھی کی دورہ بنگلہ دیش کے دوران پہلی کامیابی ہے، فاتح ٹیم نے 130 رنز کا ہدف 11ویں اوور میں …

سلہٹ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) شائی ہوپ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کالی آندھی نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ کالی آندھی کی دورہ بنگلہ دیش کے دوران پہلی کامیابی ہے، فاتح ٹیم نے 130 رنز کا ہدف 11ویں اوور میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، ہوپ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 16 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے تیز ترین ففٹی بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، ہوپ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، شکیب کی 61 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کوٹریلمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو سلہٹ پر کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیشی قائد شکیب الحسنٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19 اوورز میں 129 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، شکیب الحسن کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی ویسٹ انڈین بائولرز کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، شکیب 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، تمیم اقبال 5، لٹن داس 6، سومیا سرکار 5، مشفق الرحیم 5، محموداللہ 12، عارف الحق 17، محمد سیف الدین 1، مہدی حسن میراز 8 اور مستفیض الرحمان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، شیلڈن کوٹریل نے 4، کیموپال نے 2، تھامس، بریتھویٹ اور ایلن نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں کالی آندھی نے مطلوبہ ہدف 10.5 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کیا، ایون لیوس اور شائی ہوپ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 51 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، لیوس 18 رنز بنا کر محمد سیف الدین کی گیند کا نشانہ بنے، شائی ہوپ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 16 گیندوں پر 6 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے تیز ترین ففٹی بنائی، وہ 55 رنز بنا کر محموداللہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد کیموپال نے پوران کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، پال 28 اور پوران 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، سیف الدین اور محموداللہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔