کشمیری عوام 19 جولائی 1947کی تاریخ کا سنہری باب ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا یوم الحاق پاکستان پر پیغام

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کشمیری عوام کی تاریخ کا سنہری باب ہے ،کشمیریوں نے اپنی اجتماعی امنگوں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کشمیری عوام کی تاریخ کا سنہری باب ہے ،کشمیریوں نے اپنی اجتماعی امنگوں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔ اتوار کو جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ محض جغرافیے کا نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا تعلق عوامی خواہشات کا آئینہ دار ہے، کشمیری عوام نے دہائیوں سے بے شمار قربانیاں دے کر حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کا عزم اور آزادی کی خواہش غیر متزلزل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کا حامی ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔