کپاس کے سیزن میں کاشتکاروں کو فصل کی نگہداشت بارے مرحلہ وار ایڈوائزری جاری کی جائے گی، سیکرٹری زراعت پنجاب

کپاس کے سیزن میں کاشتکاروں کو فصل کی نگہداشت بارے مرحلہ وار ایڈوائزری جاری کی جائے گی، سیکرٹری زراعت پنجاب

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوسے پیسٹی سائیڈز انڈسٹری کے مالکان نے ملاقات کی۔ملاقات میں پیسٹی سائیڈ انڈسٹری کے مالکان نے کپاس کی بحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔

پرائیویٹ سیکٹر مالکان نے کپاس کی کاشت و دیگر نگہداشتی امور بارے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہونے پرائیویٹ انڈسٹری مالکان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت گزشتہ سال سے زیادہ محنت ولگن سے کپاس کی مہم کو چلائے گا۔کپاس کے سیزن میں کاشتکاروں کو فصل کی نگہداشت بارے مرحلہ وار ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔کاشتکاروں تک کاٹن ایڈوائزری پہنچانے کیلئے تمام ذرائع ابلاغ استعمال کئے جائیں گے۔ذرائع ابلاغ میں خصوصاسوشل میڈیا کا استعمال زیادہ موثر انداز میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز صرف محکمہ زراعت کے پلیٹ فارم سے جاری کردہ کاٹن ایڈوائزری کاشتکاروں تک پہنچانے کے پابند ہونگے۔انہوں نے پرائیویٹ انڈسٹری کے مالکان سے کہا کہ تحصیل اڈاپشن پروگرام کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکنیکل سٹاف کو متعلقہ الاٹ کردہ تحصیل میں ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو کاشتکاروں تک فنی رہنمائی پہنچانے کیلئے پہلے ہی خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

یکم مئی سے محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ کی فیلڈ سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری مالکان سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھائیں گے تاکہ صوبہ میں کپا س کی فصل سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آج کے اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے محکمہ زراعت و پرائیویٹ سیکٹر کے مابین ہونے والے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے اپنے اختتامی کلمات میں انڈسٹری مالکان کی پیش کش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہونگے جس سے نہ صرف کاشتکارخوشحال ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی سربراہی میں کنسلٹنٹ ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر عامر رسول پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو پرائیویٹ سیکٹر سے مذاکرات کرکے تحصیل اڈاپشن پروگرام کو حتمی شکل دے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فور س پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،آصف مجید،ڈاکٹر شفیق پتافی،جاوید سلیم قریشی،سعد اکبر خان،محمداعظم چیمہ اورڈاکٹر رشید سمیت دیگر نے شرکت کی۔